منگلورو:4؍فروری (ایس اؤ نیوز)قومی شاہراہ پر گیس ٹینکروں کی غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے عوامی چہل پہل میں دشواری پیش آرہی ہے، اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کے لئے دکشن کنڑا ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندر کے وی نے افسران کو ہدایات جاری کیں۔
ڈی سی دفتر میں منعقدہ ضلع سماوی آفات نگراں کار کمیٹی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے مختلف محکمہ جات کے افسران سے سوچ بچار کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے افسران سے کہاکہ گیس ٹینکروں سےہونے والےحادثات سے زیادہ نقصان ہونےکے خدشات ہیں ، ان حالات کو دیکھتے ہوئے ٹینکروں کے لئے جو متعینہ اوقات ہیں انہی اوقات میں نقل وحمل کا موقع دیں ، اگر اس میں کوئی غلطی کرتاہے تو ٹینکروں کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کی بات کہی۔ اگرکہیں گیس ٹینکر حادثے کا شکار ہوجاتی ہے تو 10گھنٹوں سے زائد وقت سڑک بند رہتی ہے ، ٹرافک جام ہوجاتی ہے۔ گیس ٹینکر کا حادثہ ہوتے ہی گیس کمپنی کے افسران فوری توجہ دینے کی تاکید کی۔ گیس ٹینکروں کی ڈرائیونگ کے لئے لازماً دو ڈرائیوروں کا تقرر ہو۔ رات 10بجے سے صبح 6بجے تک ٹینکروں کو آنے جانے نہ دیں اس سلسلےمیں کمپنی والے متحرک ہوکر کام کریں۔ گیس کمپنیوں کو چاہئےکہ وہ گیس بھرنےکے لئے متبادل انتظام کریں تاکہ ضلع میں گیس ٹینکروں کی گنجانی میں کمی ہو۔ اگر اس تعلق سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی تو ضلع میں ٹینکروں کی نقل وحمل پر مکمل پابندی عائد کرنے کا انتباہ دیا۔
ڈی سی نے افسران سے کہاکہ وہ گیس کمپنی والوں سےکہیں کہ حادثے کے دوران میں فوری طورپر متحرک ہونے کےلئے ایک ٹیم کی تشکیل دیں تاکہ حادثے کےوقت جائے وقوع پہنچ کر ٹرافک کے لئے راستہ کھولیں اور دیگر کاموں کو انجام دیں۔ میٹنگ میں ضلع پولس ایس پی بی ایم لکشمی پرساد ، مہا نگرپالیکا کمشنر اکشئے شری دھر، آئی اے ایس پروبیشنری افسر مونہا روت، اپر ڈی سی ایم جےروپا، ضلع سماوی آفات نگراں کار ماہر وجئےکمار پجار، محکمہ بائیلر اور کارخانے کے نائب ڈائرکٹر راجیش مشرا کوٹی ، آئی او سی ، بی پی سی ایل ، ٹوٹل گیس کمپنی افسران سمیت کئی افسران اور ذمہ داران موجود تھے۔
پچّناڑی متاثرین کو معاوضہ :پچّناڑی کچرانکاسی مرکز لینڈ فل کے انہدام سےجن لوگوں کو نقصان پہنچا ہے ان متاثرین کے درمیان بہت جلد عبوری معاوضہ تقسیم کئے جانے کی ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر راجیندر کے وی نےجانکاری دی ۔
وہ یہاں ڈی سی دفتر میں بات کرتےہوئے پچناڑی مرکز لینڈ فل کے منہدم ہونےسے جنہیں نقصان پہنچا ہے انہیں معاوضہ دینے کے تعلق سےجانکاری دے رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ مہا نگر پالیکا حدود کےپچناڑی ، کوڑوپو اور مندار علاقے میں کچرا نکاسی مرکز سے جنہیں بھی نقصان پہنچا ہے ان سبھی متاثرین نے معاوضہ کی مانگ کرتےہوئے عرضیاں داخل کی ہیں، ان عرضیوں کی جانچ کرنے کے بعد ان سب کے درمیان عبوری معاوضہ کی تقسیم کرنے افسران کو ہدایات دیں۔
پچناڑی کچرانکاسی مرکز کے انہدام سےاپنی فصلوں ، درختوں ، گھروں اور زمینات وغیرہ کو پہنچے نقصانات کے متعلق متاثرین نے معاوضہ کا مطالبہ لےکر عرضیاں داخل کی ہیں ۔ اپنے نقصانات کو لے کر جس نے بھی واضح دستاویزات کے ساتھ عرضی داخل کی ہے انہیں معاوضہ ادا کرنےمیں آسانی ہونے کی بات کہی ۔
کچرانکاسی مرکز منہدم ہونے سے علاقےکی چند سڑکیں ، پینے کےپانی کے کنوئیں اور رہائشی کامپلکس دب جانے سے مقامی شہریوں کو روزمرہ کی سرگرمیوں کوانجام دینےمیں کافی تکالیف کا سامنا ہے اس سلسلےمیں پیش کی گئیں شکایات کوبھی ڈی سی نے سماعت کی۔ اس کے بعدا نہوں نے پینےکا پانی ، سڑک، بجلی سپلائی سمیت سبھی سہولیات کو فراہم کرنے کی افسران کو ہدایات دیں۔ میٹنگ میں ضلع قانونی خدمات بورڈ کے سکریٹری اے جی شلپا، مہانگرپالیکا کے اکشئے شری دھروغیرہ موجود تھے۔